اسلام آباد میں اقلیتوں کا قومی دن جوش وخروش سے منایا گیا


 

اسلام آباد : اسلام آباد میں اقلیتوں کا قومی دن جوش وخروش سے منایا گیا ۔ وفاقی دارالحکومت میں اقلیتوں کی جانب سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف تقریبات میں مسیحیوں نے ملک کی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں مانگی۔ شہر اقتدار میں سب سے بڑا پروگرام منارٹیز الائنس پاکستان (ایم اے پی ) نے منعقد کیا۔ شہباز بھٹی کے دست راست اور منارٹیز الائنس پاکستان (ایم ا ے پی)  کے چیئرمین ایڈوکیٹ اکمل بھٹی نے ریلی کا انعقاد کیا۔ جس میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعدار میں مسیحی کارکنان نے شرکت کی۔ نیشنل پریس کلب سے شروع ہونے والی ریلی میں شامل شرکاء نے ڈی چوک تک مارچ کیا اور مقررین نے تقاریر کی۔ چیئرمین اکمل بھٹی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی پہلی قانون ساز اسمبلی سے تاریخی تقریرکو آئین پاکستان کا ضروری حصہ بنایا جائے۔ کمسن اقلیتی بچیوں کا اغواء برائے زنا و حرامکاری، جبراً تبدیلی مذہب اور کم عمری کی شادیوں کی روک تھام کیلئے قانون سازی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حساس مذہبی قوانین کا غلط استعمال اور ان حساس مذہبی قوانین کی آڑ میں معصول لوگوں کا قتل پاکستان کو عالمی دنیا میں بدنام کر رہا ہے، ناپسندیدہ انتخابی نظام لاگو کر کے غیر مقبول من پسند عناصر کو مخصوص نشستوں پر بٹھا دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے اقلیتوں کا اعتماد موجودہ سیاسی نظام سے اٹھ گیا ہے۔ کچی آبادیوں کے مسیحیوں کو مالکانہ حقوق نا دیکر اور بنیادی سہولتوں اور ترقیاتی منصوبوں سے دور رکھ کر انہیں احساس محرومی کا شکار کیا جا رہا ہے جو انتہائی کربناک ہے۔ درسی کتابوں میں اقلیتوں کے خلاف نفرت آمیزمواد کا نا نکالا جانا اور یکساں نصاب تعلیم کی آڑ میں من پسندیدہ نصاب کا لاگو کیا جانا پریشان کن ہے۔ ملک کے کلیدی سیاسی و آئینی عہدوں پر قدغن ہمیں دوسرے درجے کا شہری سمجھے جانے سبب ہے ۔ اکمل بھٹی ایڈوکیٹ نے کہا کہ حکومت اگر غربت و پسماندگی دور کرنے میں سنجیدہ ہے تو اقلیتوں کو برابر و یکساں سیاسی حقوق دئے جائیں، معاشی و تعلیمی منصوبے بنا کر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا پاک دھرتی کیساتھ وابستہ ہے ہم پاکستان کی سلامتی ترقی و خوشحالی میں ہمیشہ کی طرح کردار ادا کرنا چاہتے ہیں ہمیں تعصب کی بھینٹ نا چڑھایا جائے۔ اقلیتوں کے جان و مال ، عبادت گاہوں، قبرستانوں، اور زرعی املاک کا تحفظ انتہائی ضروری ہے۔ حکومت جلد مینارٹیز پروٹیکشن بل منظور کرے۔ عوامی ریلی سے ملک بھر سے مینارٹیز الائینس پاکستان کے عہدیداران ،اقلیتی سیاسی،سماجی اور مذہبی قائدین و تنظیموں کے راہنماوں نے بھی شرکت کی ۔اور اقلیتی ہیروزکو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے تحریک پاکستان سے لیکر تعمیر پاکستان اور خصوصی طور پر صحت، تعلیم اور دفاع کے شعبوں میں گراں قدر   خدمات سر انجام دیں۔ تقریب سے چوہدری اشرف فرزند، آصف جان اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے جناح کے پاکستان کا مطالبہ کیا اور انتخابی اصطلاحات کا مطالبہ کیا۔ : اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی (اقلیتی ونگ )کے سٹی صدر ملک رحمت منظور نے کہا ہے کہ ملک میں بسنے والے تمام شہری برابر ہیں ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اقلیتوں کے آئینی حقوق دینے کا مطالبہ کرتے ہیں اور شہید بے نظیر بھٹو نے اقلیتوں کو آئینی حقوق دیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقلیتوں کے قوم دن کے موقع پر جاری پیغام میں کیا۔سٹی صدر پی پی پی منارٹیز ونگ نے کہا کہ قائداعظم کا پاکستان اقلیتوں کے لئے محفوظ ملک ہے۔ 1973ء کا آئین اقلیتوں کو برابر کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کا فرض ادا کرتی رہے گی۔ ملک رحمت منظور نے کہا کہ ایوانوں میں اقلیتوں کی نمائندگی تازہ ترین مردم شماری کے تناسب سے کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں نمائندگی کے اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پاکستان کی آزادی اور تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار شاندار ہے۔مشیر اطلاعات ونشریات اقلیتی ونگ اسلام آباد آصف جان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اقلیتوں کی مذہبی و شخصی آزادی اور حقوق کی موثر اور توانا آواز ہے۔ منارٹیز ونگ پیپلزپارٹی کے چیئرمین کے زیرقیادت بانی پاکستان کی گیارہ اگست کی تقریر اور قائد عوام کی فکر اور فلسفہ پر کاربند ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والی مسیحی برادری نے صحت وتعلیم اور دیگرشعبوں میں اپناکردار اداکیا ہے اور آج بھی مشنری ادارے خدمت سرانجام دے رہے ہیں۔

Comments

Popular posts from this blog

کرسچین اسٹڈی سنٹر راولپنڈی میں کروڑوں روپے کی خردبرد اور جعلی اور بوگس دستاویزا ت جمع کروانے کا معاملہ، عدالت نے ڈی سی راولپنڈی کو انکوائری کرکے کاروائی کرنے کا حکم دے دیا

چرچ پراپرٹی بچاؤ تحریک نے اقلیتی مشترکہ املاک آرڈیننس ایکٹ 2020ء ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

Bishop Azad Marshal elected new head of the Church of Pakistan