عمران خان اینڈ کمپنی پنجاب کے ساتھ مرکز میں بھی ناکام ہوچکی ہے. سٹی صدر ملک رحمت منظور
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): عمران خان اینڈ کمپنی حکومت کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، وزراء کے قلمدان بار بار تبدیل کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی ہے۔ پی ڈی ایم درست سمت میں فیصلے کرے تو پیپلزپارٹی ساتھ چلنے کے لیے تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی سٹی صدر اسلام آباد ملک رحمت منظور نے مقامی قائدین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت کے حکم پر نچلی سطح پرعوام کے ساتھ رابطہ مہم تیز ہوچکی ہے۔ پیپلزپارٹی کے جیالے اپنے قائد بلاول بھٹوزرداری کے ایک اشارے کے منتظر ہیں۔ملک رحمت منظور کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ کے کارکنان منظم طریقے سے کام کررہے ہیں۔موجودہ حکومت نے عوام کا جینادوبھر کردیا ہے، مہنگائی سے تنگ عوام ان سے چھٹکارا حاصل کرناچاہتاہے۔ آصف علی زرداری چاہیں تو حکمرانوں کو گھر بھجوا سکتے ہیں مگر پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ ناکام ٹولے کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آئے۔ رہنما پیپلزپارٹی اقلیتی ونگ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف مکمل طور پر فلاپ ہوچکی ہے ا س کا کوئی مستقبل نہیں۔لہذا کارکنا ن متحدہوکر کام کریں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ پیپلز پارٹی نے آئندہ الیکشن کی تیاری شروع کردی ہے۔ انشااللہ آئندہ مرکزسمیت دیگر صوبوں میں بھی پیپلزپارٹی کامیاب ہوگی۔
Comments
Post a Comment